1980-11-02
4600 Views
استاد حامد حسین خان کی وفات
استاد حامد حسین خان
٭2 نومبر 1980ء کو پاکستان کے معروف سارنگی نواز استاد حامد حسین خان کراچی میں وفات پاگئے۔
استاد حامد حسین خان 1905ء کے لگ بھگ مراد آباد میں پیدا ہوئے تھے۔ان کے آبائو اجداد عرصہ دراز سے ریاست رام پور کے دربار سے وابستہ تھے اس لئے موسیقی کے حلقوں میں یہ خاندان رام پور گھرانے یا رام پور والوں کے نام سے مشہور ہے۔
استاد حامد حسین خان نے موسیقی کی تعلیم اپنے نانا استاد حیدر بخش خان اور اپنے والد استاد عابد حسین خان سے اور سارنگی کی تربیت اپنے ماموں استاد علی جان خان سے حاصل کی۔ استاد حامد حسین خان آل انڈیا ریڈیو اور ریڈیو پاکستان سے وابستہ رہے تھے۔وہ جتنی عمدہ خود سارنگی بجاتے تھے اتنی ہی خوبی اور مہارت دوسرے فنکاروں کی سنگت بھی کرتے تھے۔ انہوں نے برصغیر کے علاوہ غیر ممالک میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور بڑی داد تحسین حاصل کی۔