Hilal e Kashmir for Nike Saif Ali Khan
نائیک سیف علی خان جنجوعہ کو ہلال کشمیر دیئے جانے کا اعلان

نائیک سیف علی خان جنجوعہ

٭14 مارچ 1949ء کو حکومت آزاد جموں و کشمیر نے نائیک سیف علی خان جنجوعہ کو آزاد جموں و کشمیر کا سب سے بڑا فوجی اعزاز ہلال کشمیر دیئے جانے کا اعلان کیا۔
نائیک سیف علی خان جنجوعہ 25 اپریل 1922ء کو قندباز تحصیل نکیال آزاد جموں و کشمیر میں پیدا ہوئے تھے۔ 18 مارچ 1941ء کو وہ برٹش انڈین آرمی میں رائل کور آف انجینئرز میں شامل ہوئے۔ 1947ء میں وہ اپنے وطن واپس آئے اور سردار فتح محمد کریلوی کی حیدری فورس میں شامل ہوگئے۔ یکم جنوری 1948ء کو حیدری فورس کو شیر ریاستی بٹالین کا نام دے دیا گیا اور اس کا کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل شیر خان کو بنایا گیا۔ اس بٹالین میں سیف علی خان جنجوعہ کو نائیک کو عہدہ دیا گیا اور انہیں بدھا کھنہ کے مقام پر دشمن سے دفاع کا حکم دیا گیا جہاں وہ 26 اکتوبر 1948ء کو شہید ہوگئے۔
14 مارچ 1949ء کو حکومت آزاد جموں و کشمیر کی ڈیفنس کونسل نے انہیں بعدازمرگ ہلال کشمیر کا اعزاز دیئے جانے کا اعلان کیا۔ یہ حکومت آزاد جموں و کشمیر کا سب سے بڑا عسکری اعزاز ہے۔ 30 نومبر 1995ء کوحکومت پاکستان نے ہلال کشمیر کو پاکستان کے سب سے بڑے عسکری اعزاز نشان حیدر کے مساوی تسلیم کرنے کا اعلان کردیا۔
 

UP