ایم کلیم
٭18 نومبر 1994ء کو پاکستان کے معروف گلوکار ایم کلیم کینیڈا میں انتقال کرگئے اور وہیں آسودۂ خاک ہوئے۔
ایم کلیم کا اصل نام حفیظ اللہ تھا اور وہ 1924ء میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے آل انڈیا ریڈیو سے بطور ٹیکنیشن ملازمت کا آغاز کیا اور قیام پاکستان کے بعد ریڈیو پاکستان سے وابستہ ہوگئے۔ ایم کلیم کی آواز مشہور گلوکار کے ایل سہگل سے مشابہ تھی اس لئے ریڈیو پاکستان میں ان کے ساتھیوں نے انہیں گائیکی کی طرف سنجیدگی سے راغب ہونے کا مشورہ دیا۔ 1957ء میں ایم کلیم کا پہلا نغمہ ناکام رہے میرے گیت ریڈیو پاکستان سے نشر ہوا جس کے بعد ان کی شہرت پورے ملک میں پھیل گئی۔ ان کا گایا ہوا ایک اور نغمہ گوری گھونگھٹ میں شرمائے بھی سننے والوں میں بہت مقبول ہوا۔ ایم کلیم غزلیں گانے میں میں بھی اختصاص رکھتے تھے اور سامعین کے ایک مخصوص حلقے میں بے حد پسند کئے جاتے تھے۔