Death of Khameeso Khan
خمیسو خان کی وفات

خمیسو خان

٭8 مارچ 1983ء کو پاکستان کے نامور الغوزہ نواز خمیسو خان نے وفات پائی۔ خمیسو خان 1923ء میں گوٹھ گاجاموری تعلقہ ٹنڈو محمد خان ضلع حیدرآباد میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ کتابی تعلیم تو حاصل نہیں کرسکے مگر انہوں نے اپنے زمانے کے مشہور الغوزہ نواز، استاد سید احمد شاہ سے الغوزہ بجانے کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی تھی۔ جس کا مظاہرہ وہ شادی کی محفلوں اور مختلف عوامی مراکز پر کرتے رہتے تھے۔ جلد ہی انہیں ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن پر بھی اپنے فن کے اظہار کا موقع ملنے لگا جس کے باعث انہیں عالمگیر شہرت حاصل ہوئی۔
خمیسو خان کی الغوزہ نوازی میں ایک عجیب طرح کا سوز تھا۔ وہ مختلف راگ راگنیوں پر عبور رکھتے تھے۔ انہیں نہ صرف ملک بھر میں بلکہ افریقہ، چین، امریکا، روس اور کئی دیگر ممالک میں بھی الغوزہ نوازی کا موقع ملا۔ حکومت پاکستان نے ان کے فن کے اعتراف میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور حکومت سندھ نے شاہ لطیف ایوارڈ عطا کیا تھا۔
 

UP