Birth of Sardar Abdul Rab Nashtar
سردار عبدالرب نشتر کی پیدائش

  سردار عبدالرب نشتر

٭سردار عبدالرب نشتر 13 جون 1899ء کو پشاور میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے گریجویشن کیا اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی ۔ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز انڈین نیشنل کانگریس سے کیا۔ مگر جب انہیں اس تلخ حقیقت کا ادراک ہوا کہ ہندو مسلمانوں کے ساتھ اپنا تعصب ختم نہیں کرسکتے تو انہوں نے آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیارکرلی ۔ جلد ہی وہ اپنی فہم و فراست‘ سیاسی سوجھ بوجھ اور اخلاص کے باعث جلدہی قائد اعظم کے قابل اعتماد رفقاء میں شمار ہونے لگے۔ 1946ء میں متحدہ ہندوستان کی عارضی حکومت میں انہوں نے وزارت مواصلات کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
قیام پاکستان کے بعد سردار عبدالرب نشتر پاکستان کی پہلی کابینہ میں شامل ہوئے پھر دو سال تک پنجاب کے گورنر رہے۔ آخری ایام میں وہ مسلم لیگ کی صدارت پر فائز تھے۔
14 فروری 1958ء کی صبح قائد اعظم کے دیرینہ ساتھی اور تحریک پاکستان کے عظیم رہنما سردار عبدالرب نشتر نے کراچی میں وفات پائی۔ شام ساڑھے پانچ بجے جہانگیر پارک میں مولانا احتشام الحق تھانوی نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی اور رات قریباً 8 بجے انہیں قائد اعظم اور لیاقت علی خان کے مزارات کے نزدیک دفن کردیا گیا۔

UP