٭ سینئر صحافی ، معروف ڈرامہ نگار،مصنف اور گلوکارہ ناہید اختر کے شوہر آصف علی پوتا 8 جولائی 2017ء کو لاہور میں انتقال کرگئے، وہ نشتر بلاک علامہ اقبال ٹاؤن لاہور کے قبرستان میں مدفون ہیں۔ ان کی عمر 53 سال تھی۔
٭ آصف علی پوتا 1964ء کو ملتان میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم ملتان میں حاصل کرنے کے بعد لاہور منتقل ہو گئے۔ پنجاب یونیورسٹی سے ماس کمیونی کیشنز میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے لاہور کے مقامی اخبار سے 1980 میں بطور فیچر رائٹر اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور نوائے وقت، جنگ سمیت مختلف اخبارات اورنجی ٹی وی چینلز سے منسلک رہے ۔ وہ نامورشاعر، کالم نگار اور دانشور منو بھائی کے شاگرد تھے۔ اے ٹی وی کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کی حیثیت سے انہوں نے 40 ڈرامہ سیریلز لکھیں اور پروڈیوس کیں جن میں سے’’سکھاں‘‘، ’’کاغذ کی ناؤ‘‘، ’’کچے دھاگے‘‘، ’’پنجرہ‘‘، ’’کانچ کے پر‘‘ اور ’’موم کا چہرہ‘‘ غیر معمولی کامیابی سے ہمکنار ہوئیں۔ انہوں نے ایک فلم ”فائر“ (2002) کی کہانی لکھی اور ہدایت کاری بھی کی۔ آصف علی پوتا نے پاکستان ریلوے میں ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز کی حیثیت سے بھی ایک سال تک خدمات سر انجام دیں۔
٭ آصف علی پوتا نے دو شادیاں کیں، ان کی پہلی شادی ایک گھریلو خاتون سے ہوئی جبکہ دوسری شادی پاکستان کی مایہ ناز گلوکارہ ناہید اختر سے ہوئی۔ ناہید اختر نے ان سے شادی کے بعد اپنے فنّی کیرئیر کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ آصف علی پوتا کی پہلی بیوی سے 3 بیٹے اور ایک بیٹی جبکہ گلوکارہ ناہید اختر سے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔
٭٭٭
۔۔۔ (تحریر: طارق جمیل) ۔۔۔