Zakir Hussain Syed
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ ذاکر حسین سید

ذاکر حسین سید

پاکستان کے معروف ہاکی کمنٹیٹر ، صحافی اور منتظم ذاکر حسین سید یکم نومبر 1939ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ حصول تعلیم کے بعد ذاکر حسین سید دو مرتبہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل رہے۔  یکم فروری 1973ء کو جب پہلی بار انہیں ڈی جی بنایا گیا تو وہ پی ایس بی کے سب سے کم عمر ڈائریکٹر جنرل تھے۔ مرحوم ایشین کرکٹ کونسل کے سیکریٹری اور ڈیولپمنٹ منیجر ایشیابھی رہے۔ انہوں نے 1989ء اور 1996ء میں پاکستان میں سیف گیمز کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ 1976ء میں قائداعظم کی صد سالہ سالگرہ کے موقع پر انہوں نے پاکستان میں ہاکی کا عالمی ٹورنامنٹ بھی کرایا۔ ملک میں پہلی بار انڈر16بین الصوبائی کھیلوں کے مقابلے متعارف کرانے بھی اعزاز انہیں حاصل تھا۔ان کے دور میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی اور جنرل کونسل میں ارکان کی تعداد میں توسیع کی گئی۔
ذاکر حسین سید نے 21 مارچ 2013ء کو اسلام آباد میں وفات پائی۔ حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 2003 ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔

UP