سبحانی بایونس
اسٹیج، ریڈیو اور ٹیلی وژن کے مشہور فن کار سبحانی بایونس 1924ء میں حیدرآباد دکن کے مقام اورنگ آباد میں پیدا ہوئے تھے۔ قیام پاکستان کے بعد انہوں نے اسٹیج سے اپنے فنکارانہ زندگی کا آغاز کیا۔ وہ خواجہ معین الدین جیسے عظیم ڈرامہ نگار کے ٹیم میں شامل تھے اور انہوں نے ان کے متعدد ڈراموں میں لازوال کردار ادا کئے جن میں سب سے زیادہ شہرت مرزا غالب بندر روڈ نے پائی۔ اس ڈرامے میں انہوں نے غالب کا کردار ادا کیا اور پھر اس کے بعد وہ اس کردار کے لئے لازم و ملزوم بن گئے۔ ان کے دیگر اہم ٹی وی سیریلز میں خدا کی بستی، تاریخ و تمثیل، قصہ چہار درویش، رشتے ناتے، دو دونی پانچ، رات ریت اور ہوا، دائرے، وقت کا آسمان، باادب باملاحظہ ہوشیار اور تنہائیاں کے نام سرفہرست ہیں ۔
سبحانی یایونس 31 مئی 2006ء کوکراچی میں وفات پاگئے اورعزیز آباد کے قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔ حکومت پاکستان نے انھیں 14اگست 1999ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔