ڈاکٹر محمد علی شاہ
پاکستان کے نامور آرتھوپیڈک سرجن اور سیاستدان ڈاکٹر محمد علی شاہ 26 اکتوبر 1946ء کو پیدا ہوئے تھے۔
انھوں نے ابتدائی تعلیم کراچی میں حاصل کی اور ایم بی بی ایس کے بعد برطانیہ کے مختلف تعلیمی اداروں سے بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ انھوں نے کراچی میں اے او کلینک کے ذریعہ ہڈیوں کے مرض میں مبتلا مریضوں کیلئے ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔ مرحوم کا شمار پاکستان میں ماہر آرتھوپیڈک سرجن میں ہوتا تھا اورہڈیوں کے مرض میں مبتلا مریضوں کیلئے ان کے بعض کامیاب آپریشن دنیائے طب میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد علی شاہ مرحوم ایک بہتر ین معالج ہونے کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے بہترین کھلاڑی تھے اور انہوں نے کراچی میں کرکٹ کے فروغ کے لئے اپنے والد مرحوم کے نام پر اصغرعلی شاہ اسٹیڈیم قائم کیا جہاں کرکٹ کے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت بھی کی جاتی ہے۔ ڈاکٹر محمد علی شاہ کو طب اور کھیل کے شعبے میں ان کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف کے طور پر 14 اگست 1996ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور بعد ازاں ستارہ امتیاز عطا کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر محمد علی شاہ 2008ء کے عام انتخابات میں رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے اور ایم کیوایم کی جانب سے انہیں صوبائی وزیربرائے کھیل مقررکیا گیا۔2012ء کے آخر میں انہوں نے صوبائی وزارت اور سندھ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا۔ بعدازاں وہ صوبائی مشیر برائے کھیل مقررکئے گئے۔ ڈاکٹر محمد علی شاہ 4 فروری2013ء کو امریکا میں وفات پاگئے۔