بشیر مرزا
پاکستان کے نامور مصور بشیر مرزا8 جون 1941ء کو امرتسر میں پیدا ہوئے تھے۔ قیام پاکستان کے بعد وہ کراچی میں سکونت پذیر ہوئے۔ 1958ء میں انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں داخلہ لیا اور 1962ء میں اپنی تعلیم مکمل کی۔ 1965ء میں انہوں نے کراچی میں نائیجیریا کے سفیر کی اقامت پر اپنی پہلی سولو نمائش کی۔ اسی برس انہوں نے کراچی میں دی گیلری کے نام سے ایک آرٹ گیلری کا آغاز کیا جو نہ صرف کراچی بلکہ پاکستان کی بھی پہلی پرائیویٹ آرٹ گیلری تسلیم کی جاتی ہے۔ 1967ء میں ان کی مشہور ڈرائنگ سیریز پورٹریٹ آف پاکستان کا پورٹ فولیو منظر عام پر آیا۔ 1971ء میں انہوں نے کراچی میں Lonley Girlکے نام سے اپنی پینٹنگز کی نمائش کی۔ اس کے بعد انہوں نے اسی نوعیت کی کئی اور نمائشیں بھی کیں۔
23 مارچ 1994ء کو حکومت پاکستان نے بشیر مرزا کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا اس کے علاوہ 14 اگست 2006ء کو پاکستان کے محکمہ ڈاک نے پینٹرز آف پاکستان کی سیریز کے جو ڈاک ٹکٹ جاری کئے تھے ان میں بشیر مرزا کی تصویر اور ان کی پیٹنگز سے مزین ایک ڈاک ٹکٹ بھی شامل تھا۔
بشیر مرزا 5 جنوری 2000ء کو کراچی میں وفات پاگئے اور ڈیفنس سوسائٹی کے قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔