Moeen Akhtar
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ معین اختر

 معین اختر

اسٹیج اور ٹیلی وژن کے کے مشہور اداکار اور میزبان معین اختر 24 دسمبر 1950ء کو بمبئی میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنی فنی زندگی کا آغاز 6 ستمبر 1966ء کو پاکستان کے پہلے یوم دفاع کی ایک تقریب میں کیا تھا جس کے بعد انہوں نے پلٹ کر نہیں دیکھا۔ 1968ء میں انہوں نے نگار فلم ایوارڈ کی تقریب میں اور 1970ء میں پاکستان ٹیلی وژن پر ضیاء محی الدین شو میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جس کے بعد وہ پاکستانی اسٹیج اور ٹیلی وژن کے مصروف ترین فن کار بن گئے۔
معین اختر نے پاکستان ٹیلی وژن کے لاتعداد پروگراموں کی میزبانی کی جن میں یس سر نو سر اور معین اختر شو کے نام سرفہرست ہیں۔ انہوں نے ایک پرائیویٹ چینل کے کوئز پروگرام ’’کیا آپ بنیں گے کروڑ پتی‘‘ کی میزبانی کے فرائض بھی انجام دیئے۔ انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے جن ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے ان میں روزی، مکان نمبر 47، ہاف پلیٹ، عید ٹرین، بندر روڈ سے کیماڑی، سچ مچ اور آنگن ٹیڑھا کے نام شامل ہیں۔ انہوں نے مسٹر کے ٹو، مسٹر تابعدار اور راز نامی فلموں میں بھی کام کیا۔ ان کے مشہور اسٹیج ڈراموں میں بکرا قسطوں پر، بچائو معین اختر سے، ٹارزن معین اختر، بہروپیا اور بڈھا گھر پر ہے کے نام شامل ہیں۔ 2005ء کے لگ بھگ انہوں نے پرائیویٹ ٹی وی چینل کے ٹاک شو پروگرام لوز ٹاک میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور اس پروگرام میں 200 سے زیادہ بہروپ بھرے۔ حکومت پاکستان نے معین اختر کو 14 اگست 1992ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور بعد ازاں ستارہ امتیاز کے اعزازات عطا کیے تھے۔
معین اختر 22 اپریل 2011ء کو کراچی میں وفات پاگئے۔ وہ کراچی میں ماڈل کالونی ملیر کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔
 

UP