1985-08-14
1599 Views
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ استاد چھوٹے غلام علی خان
استاد چھوٹے غلام علی خان
پاکستان کے نامور کلاسیکی موسیقار اور گلوکار استاد چھوٹے غلام علی خان کا تعلق قصور کے ایک موسیقی دان گھرانے سے تھا جہاں وہ 1910ء میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے موسیقی کی ابتدائی تربیت اپنے والد میاں امام بخش سے حاصل کی جو دھرپد انداز گائیکی میں اختصاص رکھتے تھے۔ استاد چھوٹے غلام علی خان خیال، ترانہ، ٹھمری، دادرا اور غزل سبھی یکساں مہارت سے گاتے تھے۔ وہ ایک عرصہ تک لاہور آرٹس کونسل سے وابستہ رہے جہاں انہوں نے موسیقی کی تربیت کے لئے ایک اکیڈمی قائم کی تھی۔ ان کے شاگردوں میں شاہدہ پروین اور بدرالزماں، قمر الزماں کے نام نمایاں ہیں۔انھیں حکومت پاکستان نے14 اگست 1985ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔
استاد چھوٹے غلام علی خان 29 دسمبر 1986ء کو لاہور میں وفات پاگئے۔ وہ لاہور میں میانی صاحب کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔