Hakim Muhammad Yousaf Hasan
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ حکیم محمد یوسف حسن

حکیم محمد یوسف حسن

اردو کے عہد ساز جریدے ’’نیرنگ خیال‘‘ کے بانی و مدیر حکیم محمد یوسف حسن 3 جون 1892ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے، وہ طبیب بھی تھے اور اردو کے ادیب اور مترجم بھی مگر ان کی وجہ شہرت ان کا جاری کردہ ادبی جریدہ ’’نیرنگ خیال‘‘ ہے جس نے نصف صدی تک اردو ادب کی بے لوث خدمت کی۔ نیرنگ خیال کا پہلا شمارہ 1924ء میں شائع ہوا تھا، اس جریدے کے ذریعہ اردو کے جن اہل قلم نے اپنی ادبی زندگی کا آغاز کیا ان میں پطرس بخاری، ڈاکٹر محمد دین تاثیر، حفیظ جالندھری، غلام عباس، اصغر گونڈوی اور مالک رام کے نام سرفہرست ہیں۔ نیرنگ خیال اردو کا پہلا جریدہ تھا جس نے علامہ اقبال کی زندگی میں اقبال نمبر شائع کیا۔ اس کے علاوہ اس جریدے کے کئی اور خصوصی شمارے بھی یادگار حیثیت رکھتے ہیں جن میں عید نمبر، تاثیر نمبر، موسیقی نمبر اور غزل نمبر کے نام سرفہرست ہیں۔ حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 1979ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا ۔
حکیم محمد یوسف حسن 18 جنوری 1981ء کو راولپنڈی میں وفات پاگئے اور راولپنڈی میں قبرستان عیدگاہ میں آسودۂ خاک ہوئے۔

UP