طلعت حسین
تھیٹر، ریڈیو، ٹیلی وژن اور فلم کے نام ور فنکار طلعت حسین 1945ء میں دہلی میں پیدا ہوئے۔ 1947ء میں ان کا خاندان ہجرت کرکے پاکستان آگیا۔ طلعت حسین کی والدہ شائستہ بیگم ریڈیو پاکستان سے بطور اناونسر وابستہ تھیں۔
طلعت حسین نے اپنی فنی زندگی کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا۔ 1967 میں جب کراچی سے ٹیلی وژن کا آغاز ہوا تو وہ ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے لگے۔ 1972ء میں ڈرامے کی اعلیٰ تربیت کے حصول کے لیے لندن چلے گئے جہاں انہوں نے کئی اسٹیج ڈراموں اور بی بی سی میں بھی کام کیا۔ طلعت حسین کو کئی غیر ملکی ٹی وی سیریلز اور فلموں میں کام کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ انھوں نے کئی پاکستانی فلموں میں بھی کام کیا جن میں ’’انسان اور آدمی‘‘ کا نام سر فہرست ہے۔ اس فلم میں انھوں نے فاروق جلال کے نام سے کام کیا تھا۔
14 اگست 1982ء کو حکومت پاکستان نے طلعت حسین کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔