سہیل رعنا
پاکستان کے مشہورموسیقار سہیل رعنا 1939 ء میں آگرہ میں پیدا ہوئے۔ان کے والد رعنا اکبر آبادی اور اور نانا صبا اکبر آبادی اپنے دور کے معروف شاعروں میں شمار ہوتے تھے۔ 1960ء کی دہائی میں انھوں پاکستان کی فلمی دنیا میں بطور موسیقار قدم رکھا اور دھوم مچادی۔ بطور موسیقار سہیل رعنا کی پہلی فلم ’’جب سے دیکھا ہے تمہیں‘‘ تھی ا س کے بعد انھوں نے وحید مراد، مسرور انور اور پرویز ملک کے اشتراک سے بننے والی کئی فلموں کی شاندار موسیقی ترتیب دی جن میں ہیرا اور پتھر ، ارمان ، احسان ، دوراہا اور سمندر کے نام شامل ہیں۔
1967ء میںکراچی میں ٹیلی وژن کے قیام کے ساتھ سہیل رعنا نے بچوں کو موسیقی کی تربیت دینے کے لیے ایک ٹیلی وژن پروگرام شروع کیا جس کا نام کلیوں کی مالا تھا، یہ سلسلہ مختلف ناموں سے 1987 ء تک چلتا رہا۔ اس پروگرام سے موسیقی کی تربیت حاصل کرنے والوں میں فاطمہ جعفری، نازیہ حسن، زوہیب حسن، عدنان سمیع خان اور افشاں احمد کے نام سرفہرست تھے۔ سہیل رعنا نے لاتعداد ملی نغموں کی دھنیں بھی ترتیب دیں جن میں سوہنی دھرتی، جیوے جیوے پاکستان اور ’’ہم مصطفوی مصطفوی مصطفوی ہیں‘‘ شامل ہیں۔ سہیل رعنا کو لاتعداد اعزازات سے نوازا گیا جن میں اقوام متحدہ کی جانب سے امن کا پیغامبر، نگار ایوارڈ ، لائف اچیومنٹ ایوارڈ اور 14 اگست 1980ء کو دیا جانے والا صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سر فہرست ہیں۔