Vice Admiral Haji Muhammad Siddique Choudhary
ِپاکستان نیوی کے سربراہ۔ وائس ایڈمرل (ر) حاجی محمد صدیق چوہدری

وائس ایڈمرل (ر) حاجی محمد صدیق چوہدری

(اکتیس جنوری ۱۹۵۳ء تا ۲۸ فروری ۱۹۵۹ء)

پاک بحریہ کے دوسرے کمانڈر انچیف حاجی محمد صدیق چوہدری 1911ء میں بٹالہ ضلع گورداس پور میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے 1933ء میں رائل انڈین نیوی میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ 1937ء میں انہوں نے اس بحری دستے کی قیادت کی تھی جو لندن میں شاہ ایڈورڈ ہشتم کی رسم تاجپوشی میں شریک ہوا تھا۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران انہوں نے بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب کی لڑائیوں میں حصہ لیا۔
قیام پاکستان کے بعد انہوں نے پاک بحریہ میں خدمات انجام دینی شروع کیں۔ وہ پاکستان بحریہ کے سب سے سینئر آفیسر تھے۔ 31 جنوری 1953ء کو انہوں نے پاک بحریہ کے پہلے مسلمان اور پہلے پاکستانی کمانڈر انچیف کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ انہوں نے ایچ ایم پی ایس دلاور پر منعقد ہونے والی ایک باوقار تقریب میں اپنے پیشرو ریئر ایڈمرل جیمز الفریڈ جیفورڈ سے اپنے عہدے کا چارج لیا۔ وہ 28 فروری 1959ء تک اس عہدے پرفائز رہے۔ ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف پر انہیں بابائے پاک بحریہ کہا جاتا تھا جبکہ حکومت پاکستان نے انہیں ’’ہلال پاکستان‘‘ کا اعزاز عطا کیا تھا۔
حاجی محمد صدیق چوہدری 27 فروری 2004ء کوکراچی میں وفات پاگئے اور اگلے روز28 فروری 2004ء کو انھیں کراچی میں فوجی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ یہ وہی تاریخ تھی جب 45 برس پہلے وہ پاک بحریہ کی سربراہی سے ریٹائر ہوئے تھے۔

UP