Released Film  Saheli
فلم ’’سہیلی‘‘ ریلیز ہوئی

سہیلی

٭23 دسمبر 1960ء کو فلم سہیلی ریلیز ہوئی۔ اس فلم کے پروڈیوسر ایف ایم سردار اور ایس ایم یوسف اور ہدایت کار ایس ایم یوسف تھے۔ موسیقی اے حمید نے ترتیب دی تھی کہانی حسرت لکھنوی نے لکھی تھی جب کہ فلم کے نغمہ نگار فیاض ہاشمی تھے۔ فلم سہیلی کے مرکزی کردار شمیم آراء‘ نیر سلطانہ‘ درپن اور اسلم پرویز نے ادا کیے تھے۔
فلم سہیلی کئی حوالوں سے بڑی یادگار فلم قرار پائی جن میں سب سے بڑا حوالہ تو یہی تھا کہ اس سال حکومت پاکستان نے صدارتی ایوارڈز کا اجرا کیا جن میں سب سے زیادہ یعنی پانچ ایوارڈز فلم سہیلی کو ملے۔ ان ایوارڈز میں بہترین فلم‘ بہترین ہدایت کار (ایس ایم یوسف) بہترین اداکارہ (شمیم آراء) بہترین ساتھی اداکار (طالش) اور بہترین ساتھی اداکارہ (نیر سلطانہ) کے ایوارڈز شامل تھے۔
یہی نہیں‘ بلکہ فلم سہیلی نے چار نگار ایوارڈز بھی حاصل کیے۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ صدارتی ایوارڈز میں شمیم آرا کو بہترین اداکارہ کا اور نیر سلطانہ کو بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ ملا تھا جب کہ نگار ایوارڈز میں نیر سلطانہ کو بہترین اداکارہ کا اور شمیم آراء کو بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیاجسے شمیم آراء نے بطور احتجاج قبول کرنے سے انکار کردیا ۔فلم سہیلی میں ایس ایم یوسف کو بہترین ہدایت کار کا اور اداکار درپن نے بہترین اداکار کا نگار ایوارڈ حاصل کیا۔ یوں فلم سہیلی نے مجموعی طور پر پانچ صدارتی اور چار نگار ایوارڈز حاصل کیے۔
 

UP