Opening Ceremony of Daste Saba
دست صبا کی اشاعت

دست صبا

٭22 دسمبر1952ء کو اردو کے ایک بڑے شاعر فیض احمد فیض کے شعری مجموعے ’’دست صبا‘‘ کے تعارف کے لیے ایک پریس کانفرنس لاہور کے مال روڈ کے ایک ریسٹورنٹ ارجنٹینا میں منعقد ہوئی۔
فیض احمد فیض ان دنوں راولپنڈی سازش کیس کے سلسلے میں پس دیوار زنداں تھے اور وہ طرز فغاں ایجاد کررہے تھے جو بعد میں پورے گلشن کی طرز بیاں ٹھہری۔ فیض احمد فیض کی اسیری کے باعث ہی‘ ان کے احباب کو  ان کے مجموعہ کلام کے تعارف کے لیے اس نوع کی تقریب منعقد کرنے کا خیال آیا تھا۔ اس پریس کانفرنس میں کچھ اخبار نویسوں‘ دانشوروں اور فیض کے احباب کو مدعو کرکے فیض کی کتاب دست صبا کی اشاعت کی اطلاع دی گئی تھی۔ اس پریس کانفرنس کو تقریب رونمائی ‘ تقریب پذیرائی یا افتتاحی تقریب کا نام اس لیے نہیں دیا گیا تھا کہ اس وقت تک اس نوع کی کسی تقریب کا تصور بھی ذہن میں نہ تھا اور ’’دست صبا‘‘ کے تعارف کے لیے منعقد ہونے والی یہ پریس کانفرنس اپنی نوعیت کی بالکل پہلی تقریب تھی۔
دست صبا کایہ پہلا ایڈیشن دو ہزار کی تعداد میں چھپا تھا۔ اس کا سرورق ملک کے نامور مصور جناب عبدالرحمن چغتائی نے بنایا تھا اور اسے جناب عبدالرئوف ملک نے قومی دارالاشاعت لاہور کے اہتمام میں شائع کیا تھا۔
 

UP