Death of Ahmad Ali Ghulam Ali Chagla
احمد علی غلام علی چاگلہ کی وفات

احمد علی غلام علی چاگلہ

٭ پاکستان کے ممتاز موسیقار اور پاکستان کے قومی ترانے کی دھن کے خالق جناب احمد علی غلام علی چاگلہ 31 مئی 1902ء کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے سندھ مدرسہ کراچی سے تعلیم حاصل کی اور کراچی کے نامور موسیقار مہاراج سوامی داس کے سامنے زانوئے تلمذتہ کیا۔
جناب احمد علی غلام علی چاگلہ نے انگلستان میں ٹرنٹی کالج آف میوزک سے بھی تعلیم حاصل کی۔ قیام پاکستان سے پہلے انہوں نے بمبئی میں ایک فلم کمپنی اجنتا میں بطور موسیقار کام کیا۔ پاکستان بننے کے بعد حکومت پاکستان نے انہیں قومی ترانے کی موسیقی تیار کرنے والی کمیٹی کا رکن مقرر کیا۔ مگر یہ دھن تیار کرنے کا اعزاز انہی کی قسمت میںلکھا تھا چنانچہ 21 اگست 1949ء کو حکومت نے ان کی تیاری کردہ دھن کو پاکستان کے قومی ترانے کے طور پر منظور کرلیا۔ یہی وہ دھن تھی جسے بعد میں ابوالاثر حفیظ جالندھری نے الفاظ سے ہم آہنگ کیا۔
5 فروری 1953ء کو جناب احمد علی غلام علی چاگلہ کا انتقال ہوگیا۔ ان کے انتقال کے 43 برس بعد1996ء میں حکومت پاکستان نے انہیں بعدازمرگ صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی دینے کا اعلان کیا۔

 

UP