Birth of Dr. Javaid Iqbal
ڈاکٹر جاوید اقبال کی پیدائش

ڈاکٹر جاوید اقبال

٭5 اکتوبر 1924ء کو پاکستان کے مشہور ماہر قانون اور ادیب ڈاکٹر جاوید اقبال پیدا ہوئے۔ وہ علامہ اقبال کے صاحبزادے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اقبال نے پنجاب یونیورسٹی انگریزی اور فلسفے میں ایم اے کے امتحانات پاس کیے بعدازاں انہوں نے کیمبرج یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کیا اور لندن سے بار ایٹ لاء کا امتحان پاس کیا۔ 1956ء میں انہوں نے لاہور میں وکالت کا آغاز کیا اور لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کے رکن بھی رہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں بھی پاکستانی وفد کی رکن کی حیثیت سے شرکت کی۔ 1971ء میں وہ لاہور ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے اور 23 مارچ 1981ء سے 4 اکتوبر 1986ء تک اس اعلیٰ عدالت کے چیف جسٹس رہے۔ بعدازاں وہ سپریم کورٹ میں بھی جج کے منصب پر فائز ہوئے اور 1989ء تک اس عہدے پر خدمات انجام دیتے رہے۔
جسٹس جاوید اقبال کی تصانیف میں مئے لالہ فام، نظریہ پاکستان، میراث قائداعظم،علامہ اقبال کی سوانح عمری زندہ رود اور ان کی اپنی خود نوشت سوانح ’’اپنا گریباں چاک‘‘ کے نام سرفہرست ہیں۔ وہ لاہور میں قیام پذیر ہیں۔

UP