پاکستان کے ڈاک ٹکٹ
23 مارچ 1990ء کو قرارداد پاکستان کی 50 ویں سالگرہ پورے ملک میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر ریڈیو ٹیلی وژن نے خصوصی پروگرام پیش کئے اور اخبارات نے خصوصی ایڈیشن شائع کئے۔ پاکستان کے محکمہ ڈاک نے بھی اس موقع پر ایک ایک روپے مالیت کے تین خوب صورت ڈاک ٹکٹ اورسات روپے مالیت کی ایک سووینیر شیٹ جاری کی ۔ ان ڈاک ٹکٹوں کا ڈیزائن آفتاب ظفر نے اورسووینیر شیٹ کا ڈیزائن عادل صلاح الدین نے تیار کیا تھا۔ آفتاب ظفر کے ڈاک ٹکٹوں پر علامہ اقبال، محمد علی جوہر، قائداعظم اور تحریک پاکستان کے کئی دوسرے اکابر کے اسکیچ بنے ہوئے تھے جبکہ عادل صلاح الدین کے ڈیزائن کی ہوئی سووینیر شیٹ پر مینار پاکستان کی تصویر اور اردو اور انگریزی میں قرارداد پاکستان کا متن شائع کیا گیا تھا۔ان ڈاک ٹکٹوں پر انگریزی میں PAKISTAN RESOLUTION GOLDEN JUBILEE 23rd MARCH 1940 - 1990کی عبار ت بھی درج تھی۔






