Fazal Mahmood
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ فضل محمود

 فضل محمود

معروف کرکٹر فضل محمود 18 فروری 1927ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اسلامیہ کالج لاہور سے گریجویشن اور پنجاب یونیورسٹی سے معاشیات میں ایم اے کیا۔ انہوں نے 1943ء سے کرکٹ کھیلنی شروع کی اور 1952ء میں بھارت کا دورہ کرنے والی پاکستان کی پہلی کرکٹ ٹیم کے رکن منتخب ہوئے۔ پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹ کے آغاز میں انہوں نے پاکستان کو جو کامیابیاں دلوائیں وہ پاکستانی کرکٹ کی حسین یادیں شمار کی جاتی ہیں۔ بھارت کے خلاف لکھنو ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی کامیابی ہو یا اوول کی شاندار فتح، فضل محمود ہر کامیابی میں سب سے آگے رہے۔ فضل محمود نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 34 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 139 وکٹیں حاصل کیں۔
فضل محمود نے 10 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی قیادت کی بھی کی۔ وہ پاکستان کے پہلے کپتان تھے جنہوں نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔وہ پاکستان کے پہلے کھلاڑی تھے جنہیں کرکٹ کی مشہور کتاب وزڈن نے سال کے پانچ بہترین کھلاڑیوں میں شمار کیا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹوں کا ہدف عبور کرنے والے بھی پہلے پاکستانی کھلاڑی تھے۔ انہیں حکومت پاکستان نے 23 مارچ 1958ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔
فضل محمود 30 مئی 2005ء کو لاہور میں وفات پاگئے اور قبرستان مسافر خانہ، گڑھی شاہو میں سپردخاک ہوئے۔
 

UP