Birth of Dr. Aafiya Siddiqui
ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی پیدائش

ڈاکٹر عافیہ صدیقی

٭2 مارچ 1972ء ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی تاریخ پیدائش ہے۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کراچی میں پیدا ہوئی تھیں۔ 1990ء میں وہ تعلیم کے حصول کے لئے امریکا گئیں۔ 1995ء میں انہوں نے ایم آئی ٹی سے اپنا گریجویشن مکمل کیا۔ 2001ء میں انہوں نے نیورو سائنسز میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔
مارچ 2003ء میں کراچی میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی نامی ایک خاتون کو القاعدہ کی مدد کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر الزام تھا کہ وہ بوسٹن میں اپنے فلیٹ نیشنل بنک کے اکائونٹ سے ایک اسلامی خیراتی ادارے کی مدد کرتی رہی ہیں۔ یکم مارچ 2001ء کو جب القاعدہ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد خالد شیخ محمد کو گرفتار کیا گیا تو اس نے ایف بی آئی کو بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے القاعدہ کی مدد کے لئے ایک پوسٹ بکس کرائے پر حاصل کیا ہے۔ ایف بی آئی نے اندازہ لگایا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی القاعدہ کو مالی امداد فراہم کرنے والوں کے ساتھ رابطے کا ذریعہ بنی ہوئی ہیں۔ اپریل 2003ء میں ایف بی آئی نے عافیہ صدیقی کی گرفتاری کی تصدیق کردی مگر یہ نہیں بتایا کہ انہیں کہاں قید رکھا گیا ہے۔
7 جولائی 2008ء کو ایک نو مسلم برطانوی صحافی خاتون یوآن رڈلے(Yvonne Ridley) نے شبہ ظاہر کیا کہ عافیہ صدیقی بگرام میں قید ہیں اور وہ وہاں گرے لیڈی آف بگرام کے نام سے پہچانی جاتی ہیں اور ان کا کوڈ نیم قیدی 650 ہے۔ 4 اگست 2008ء کو امریکی حکام نے بگرام میں عافیہ صدیقی کی موجودی کی تصدیق کردی تاہم اس کے فوراً بعد انہیں امریکا منتقل کردیا گیا جہاں 3 فروری 2010ء کو ایک امریکی عدالت کی بارہ رکنی جیوری نے ان پر عائد الزامات کو درست قرار دیتے ہوئے انہیں مجرم قرار دے دیا۔
 

UP