1957-11-14
3824 Views
جناب زاہد حسین کی وفات
جناب زاہد حسین
٭14 نومبر 1957ء کو پاکستان کے مشہور ماہر اقتصادیات اور اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے پہلے گورنر جناب زاہد حسین نے وفات پائی۔ جناب زاہد حسین 1895ء میں پیدا ہوئے تھے انہوں نے اسلامیہ کالج لاہور اور علی گڑھ کالج سے تعلیم حاصل کی۔ پھر انڈین فنانس ڈپارٹمنٹ کے مقابلے کے امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرکے حکومت کے اہم عہدوںپر فائز رہے۔
1945ء سے 1947ء تک وہ سلطنت آصفیہ (حیدرآباد دکن) میں وزیر خزانہ کے عہدے پر خدمات انجام دیتے رہے۔ قیام پاکستان کے بعد وہ بھارت میں پاکستان کے پہلے سفیر مقرر ہوئے۔
یکم جولائی 1948ء کو اسٹیٹ بنک آف پاکستان کا افتتاح ہوا تو جناب زاہد حسین اس کے پہلے گورنر مقرر ہوئے۔ اس کے بعد بھی آپ مختلف اہم عہدوں پر فائز رہے۔ 14 نومبر 1957ء کو آپ نے کراچی میں وفات پائی۔ آپ کو علامہ شبیر احمد عثمانی کے پہلو میں دفن کیا گیا۔