سید عابد علی عابد
٭ اردو کے نامور شاعر‘ ادیب‘ نقاد‘ محقق‘ مترجم اور ماہر تعلیم سید عابد علی عابد 17 ستمبر 1906ءکو ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پیدا ہوئے تھے۔
انہوں نے حکیم احمد شجاع کے رسالے ’’ہزار داستاں‘‘ سے اپنی ادبی زندگی کا آغاز کیا پھر مجلس وضع قانون (پنجاب) میں بطور مترجم کام کیا۔ کچھ عرصہ وکالت بھی کی۔ پھر دیال سنگھ کالج سے وابستہ ہوئے، یہ وابستگی تقریباً 25 برس جاری رہی۔ اس دوران 1947ء سے 1954ء تک وہ اس کالج کے پرنسپل رہے۔ کالج سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ مجلس ترقی ادب سے وابستہ ہوئے۔ ان کی مساعی سے 1957ء میں مجلس کا سہ ماہی علمی جریدہ ’’صحیفہ‘‘ جاری ہوا جس کے وہ اکتوبر 1966ء تک مدیر رہے۔
سید عابد علی عابد کی تصانیف کی فہرست بہت طویل ہے جس میں ڈراموں اور افسانوں کے مجموعے‘ ناول‘ تنقیدی مضامین‘ شاعری اور تراجم سبھی کچھ شامل ہیں۔
20 جنوری 1971ء کو سید عابد علی عابد لاہور میں وفات پاگئے اور مومن پورہ کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے۔