



مدثر نذر
٭ 6 اپریل 1956ء پاکستان کے مشہور آل رائونڈر مدثر نذر کی تاریخ پیدائش ہے۔
مدثر نذر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 24 دسمبر 1976ء کو آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ کے میدان میں کیا تھا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 76 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 10 سنچریوں کی مدد سے 4114 رنز اسکور کیے۔ ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 231 رنز تھا۔ وہ دنیا کے پہلے کھلاڑی تھے جو 199 رنز کے اسکور پر آئوٹ ہوئے تھے۔ دنیا کی سست ترین ٹیسٹ سنچری بنانے کا اعزاز بھی انہی کے پاس ہے۔ انہوں نے 2653 رنز کے عوض 66 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں انہوں نے 122 میچ کھیلے اور بغیر کسی سنچری کے 2653 رنز اسکور کیے۔ایک روزہ کرکٹ میں انہوں نے 3432 رنز کے عوض 111 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
مدثر نذر کے والد نذر محمد بھی ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں۔ وہ پاکستان کے پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے ٹیسٹ سنچری اسکور کی۔ نذر محمد اور مدثر نذر دنیا کے واحد باپ بیٹے ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹ کیری کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔