Birth of Imran Khan
عمران خان کی پیدائش

عمران خان

٭25نومبر 1952 کو پاکستان کے مشہور کرکٹر اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران کی تاریخ پیدائش ہے۔
عمران خان کے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز1971ء میں برطانیہ کے خلاف کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز سے ہوا تھا، تاہم انہیں خود کو منوانے میں مزید 6 سال لگے۔ جنوری 1977ء میں سڈنی ٹیسٹ میں ان کی بہترین بائولنگ کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 8 وکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کی جس کے بعد عمران خان نے پیچھے پلٹ کر نہیں دیکھا۔
عمران خان پاکستان کے پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 300 وکٹوں کا ہدف عبور کیا تھا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 88 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 362 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک روزہ میچوں میں بھی ان کی کارکردگی نہایت شاندار رہی اور انہوں نے 175 ایک روزہ میچوں میں 123 وکٹیں لینے کا سنگ میل عبور کیا۔ عمران خان نے 48 ٹیسٹ میچوں میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت کی جس میں 14 ٹیسٹ میچوں میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی ، 8ٹیسٹ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 26 ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے۔ عمران خان کی قیادت میں ہی پاکستان نے 1992ء کا ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جیتا۔ اس کے بعد وہ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد عمران خان نے اپنی والدہ کی یاد میں لاہور میں شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال قائم کیا جو اس وقت ملک کا سب سے بڑا کینسر اسپتال ہے۔ عمران خان کی مقبولیت کے باعث ان کے مداحین نے انہیں سیاست کے میدان میں بھی قدم رکھنے پر آمادہ کیا۔ 1996ء میں عمران خان نے اپنی سیاسی جماعت تحریک انصاف پاکستان کے نام سے قائم کی، تاہم ان کی اصولی سیاست کی وجہ سے ان کی سیاسی جماعت ملکی سیاست میں کوئی قابل ذکر کامیابی حاصل نہ کرسکی۔ 2002ء اور  2013ء کے عام انتخابات میں عمران خان قومی اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوچکے ہیں۔

UP