نذیر صابر، کوہ پیما
٭17مئی 2000ء بروز بدھ نیپال کے وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے پاکستان کے معروف کوہ پیما نذیر صابر نے دنیا کی بلند ترین چوٹی مائونٹ ایورسٹ سر کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
نذیر صابر نے اپنے اس تاریخی سفر کا آغاز 20 مارچ 2000ء کو نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو سے کیا تھا۔ 7 مئی 2000ء کو وہ 7950 فٹ کی بلندی پر پہنچ کر موسم کی خرابی کے باعث واپس آگئے۔ دوسری مرتبہ 15مئی 2000ء کو 8750 فٹ کی بلندی تک پہنچے مگر پھر موسم کی خرابی کے باعث نیچے آگئے۔ دو مرتبہ موت کے منہ سے بچ نکلنے کے باوجود نذیر صابر نے ہمت نہ ہاری اور 17 مئی 2000ء کو دنیا کی اس بلند ترین چوٹی پر پاکستان کا پرچم لہرا دیا۔ انہوں نے پرچم لہرانے سے قبل خدا کے حضور سجدۂ شکر ادا کیا اور وہاں پاکستان کا قومی ترانہ بھی گایا۔ نذیر صابر مائونٹ ایورسٹ سر کرنے والے دنیا کے 899 ویں کوہ پیما تھے۔
حکومت پاکستان نے نذیر صابر کوصدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ستارۂ امتیاز عطا کیا ہے۔