Marriage of Rattan Baii
قائداعظم اور رتن بائی کی شادی

قائداعظم محمد علی جناح

٭19 اپریل 1918ء کو قائداعظم محمد علی جناح رتن بائی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔
رتن بائی جو رتی جناح کے نام سے معروف ہیں 20 فروری 1900ء کو بمبئی میں پیدا ہوئی تھیں۔ قائداعظم محمد علی جناح ان کے والد سر ڈنشا پیٹٹ کے دوستوں میں شامل تھے۔ ان کی شخصیت نے رتی کو  اس قدر متاثر کیا کہ ان کی قربت محبت میں بدل گئی۔ 18 اپریل 1918ء کو رتی نے بمبئی کی جامع مسجد کے امام مولانا نذیر احمد خجندی کے ہاتھ پر اسلام قبول کرلیا۔ ان کا اسلامی نام مریم رکھا گیا، اگلے دن 19 اپریل 1918ء کو وہ قائداعظم محمد علی جناح کے عقد میں آگئیں۔ ان کا نکاح مولانا حسن نجفی نے پڑھایا تھا۔
یہ وہ زمانہ جب قائداعظم اپنی سیاسی سرگرمیوں میں بے انتہا مصروف تھے اور اکثر انہی مصروفیات کی وجہ سے شہر سے باہر بھی رہا کرتے تھے۔ نتیجہ یہ نکلا کہ دونوں میاں بیوی نے اختلافات رونما ہونے لگے اور ایک وقت وہ آیا جب رتی اپنا گھر چھوڑ کر ایک ہوٹل میں منتقل ہوگئیں، 1928ء میں وہ شدید بیمار پڑیں اور علاج کے لیے پیرس چلی گئیں۔ قائداعظم کو جب یہ اطلاع ملی تو وہ بھی ان کی تیمارداری کے لیے پیرس پہنچ گئے اور ایک ماہ تک ان کے ساتھ رہے۔ یوں ان دونوں کے تعلقات ایک مرتبہ پھر بحال ہوگئے۔ چند ماہ بعد رتی جناح وطن واپس آگئیں مگر ان کی طبیعت نہ سنبھل سکی اور 20 فروری 1929ء کو ان کی 29 ویں سالگرہ کے دن ان کا انتقال ہوگیا۔ وہ بمبئی کے آرام باغ قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔
قائداعظم اور رتن بائی کی شادی کی یادگار ان کی صاحبزادی دینا واڈیا ہیں جو ممبئی میںقیام پذیر ہیں۔
 

UP