Birth of Munawar uz Zaman
منور الزماں کی پیدائش

منور الزماں

٭ پاکستان کے ہاکی کے نامور کھلاڑی منور الزماں  2 جولائی1951ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ 1971ء میں انہوں نے بارسلونا میں منعقد ہونے والے عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ سے اپنے ہاکی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے 1980ء میں کراچی میں منعقد ہونے والے چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ تک مسلسل  دس برس پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔ اس دوران انہوں نے 119 بین الاقوامی میچوں میں مجموعی طور پر 44 گول اسکور کئے۔
منور الزماں نے 24 میچوں میں پاکستان کی قیادت کا فریضہ بھی انجام دیا۔ ان 24 میچوں میں پاکستان نے تمام میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ ان میچوں میں پاکستانی ٹیم نے مجموعی طور پر 100 گول اسکور کئے جبکہ اس کے خلاف صرف 21 گول اسکور کئے جاسکے۔
منورالزماں نے عالمی کپ، ایشیائی کھیل اور چیمپئنز ٹرافی میں طلائی تمغے حاصل کئے تھے۔ 1980ء میں اگر پاکستان ماسکو اولمپکس کا بائیکاٹ نہ کرتا تو اس ٹورنامنٹ میں بھی پاکستان کے طلائی تمغہ حاصل کرنے کا امکان سو فیصد تھا اور یوں منورالزماں ان معدودے چند کھلاڑیوں میں شامل ہوسکتے تھے جنہوں نے ہاکی کے ہر بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں طلائی تمغے حاصل کئے ہیں۔
٭28 جولائی 1994ء کو منور الزماں کراچی میں حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے وفات پاگئے۔

UP