


پری شان خٹک
٭16 اپریل 2009ء کو پاکستان کے مشہور ماہر تعلیم، ادیب اور منتظم پروفیسر پری شان خٹک اسلام آباد وفات پاگئے۔
پروفیسر پری شان خٹک کا اصل نام محمد غمی جان تھا اور وہ 10 دسمبر 1932ء کو صوبہ سرحد کے ضلع کرک کے ایک گائوں غنڈی میر خان خیل میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے پشاور یونیورسٹی سے تاریخ اور پشتو ادب میں ایم اے کی ڈگریاں حاصل کیں اور پشاور یونیورسٹی سے بطور لیکچرار اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا بعدازاں وہ پشتو اکیڈمی کے ڈائریکٹر مقرر کئے گئے جہاں ان کے حسن انتظام کی وجہ سے بعدازاں انہیں متعدد علمی و تعلیمی اداروں کا سربراہ مقرر کیا گیا۔ 1980ء میں گومل یونیورسٹی اور 1989ء میں آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفر آباد کے وائس چانسلر بنائے گئے۔ اسی دوران 1986ء میں وہ اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین بھی رہے۔ وہ 50 سے زیادہ کتابوں کے مدیر اور مؤلف تھے۔ حکومت پاکستان نے ان کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں ستارۂ امتیاز اور تمغہ امتیاز عطا کیا۔ پروفیسر پری شان خٹک پشاور میں حیات آباد کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔