میاں محمد نواز شریف
٭25 دسمبر 1949ء پاکستان کے وزیراعظم اور معروف صنعتکار میاں محمد نواز شریف کی تاریخ پیدائش ہے۔
میاں محمد نواز شریف لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ 1968ء میں انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے اور بعدازاں 1970ء میں پنجاب یونیورسٹی لاء کالج سے قانون کا امتحان پاس کیا۔ اس کے بعد وہ اپنے والد میاں محمد شریف کے کاروبار اتفاق فائونڈریز میں ان کا ہاتھ بٹانے لگے۔ میاں محمد نواز شریف سیاسی میدان میں ایک عام کارکن کی حیثیت سے داخل ہوئے اور اپنی شبانہ روز محنت سے ملک کے اعلیٰ عہدوں تک جا پہنچے۔ 1981ء میں انہیں حکومت پنجاب میں وزیر خزانہ کے منصب پر فائز کیا گیا۔ 1985ء میں وہ پنجاب کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے، 1988ء میں انہوں نے اسلامی جمہوری اتحاد کے سربراہ کی حیثیت سے انتخاب لڑا اور ایک مرتبہ پھر پنجاب کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔ نومبر 1990ء میں وہ پہلی مرتبہ پاکستان کے وزیراعظم بنے تاہم 1993ء میں صدر غلام اسحاق خان نے قومی اسمبلی تحلیل کرتے ہوئے انہیں ان کے عہدے سے برطرف کردیا۔ عدالت عالیہ نے ان کی حکومت بحال کردی تاہم ملک کی صورت حال کے پیش نظر انہیں اپنے عہدے سے مستعفی ہونا پڑا۔ فروری 1997ء کے عام انتخابات کے نتیجے میں وہ دوسری مرتبہ ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے تاہم 12 اکتوبر 1999ء کو انہیں مسلح افواج کے سربراہ جنرل پرویز مشرف نے ان کے عہدے سے برطرف کردیا اور خود عنان حکومت سنبھال لی۔ دسمبر 2000ء میں حکومت سعودی عرب کی درخواست پر حکومت پاکستان نے انہیں جلاوطن کرکے سعودی عرب بھیج دیا جہاں سے وہ نومبر 2007ء میں وطن واپس آئے۔ فروری 2008ء کے عام انتخابات میں ان کی سیاسی جماعت مرکز میں تو اکثریت حاصل نہ کرسکی تاہم وہ پنجاب میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی۔
2013ء کے عام انتخابات کی میاں نواز شریف کی پارٹی پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر کامیاب ہوئی۔ اس طرح میاں نواز شریف 5جون2013ء کو تیسری بار پاکستان کے وزیراعظم بن گئے۔