Death of Qazi Muhammad Eesa
قاضی محمد عیسیٰ کی وفات

قاضی محمد عیسیٰ

٭ جدوجہد آزادی کے رہنما اور قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھی قاضی محمد عیسیٰ کی تاریخ پیدائش  13 اپریل 1913ء ہے۔
قاضی محمد عیسیٰ پشین (بلوچستان) میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد قاضی جلال الدین ریاست قلات کے وزیراعظم تھے۔ قاضی عیسیٰ نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ سے حاصل کی اور پھر لنکنزان (انگلستان) سے بارایٹ لاء کیا۔ وطن واپسی کے بعد کچھ عرصہ بمبئی میں پریکٹس کی جہاں ان کی ملاقات قائداعظم محمد علی جناح سے ہوئی۔ قائداعظم نے انہیں مسلم لیگ میں شمولیت کی دعوت دی اور بلوچستان میں مسلم لیگ کو منظم کرنے کی ذمہ داری سونپی۔
1940ء میں لاہور میں انہوں نے بلوچستان کے مسلمانوں کی جانب سے قرارداد پاکستان کی تائید میں تقریر کی۔ قائداعظم نے انہیں مسلم لیگ کی مجلس عاملہ کا رکن نامزد کیا اور 1946ء کے انتخابات میں انہیں مسلم لیگ کے شعبہ نشرو اشاعت کا انچارج بنادیا۔ اس دوران قائداعظم جتنی مرتبہ بھی بلوچستان گئے، ان کی میزبانی قاضی محمد عیسیٰ نے کی۔ مئی 1947ء میں وہ آل انڈیا مسلم لیگ، بلوچستان شاخ کے صدر منتخب ہوئے۔ انہی کی کوششوں سے بلوچستان کے شاہی جرگہ کے اراکین نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا۔
قیام پاکستان کے بعد قائداعظم نے انہیں بلوچستان میں گورنر جنرل کے ایجنٹ کا مشیر اعلیٰ مقرر کیا۔ چند سال بعد انہیں برازیل میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا گیا۔قاضی محمد عیسیٰ نے اپنی پوری سیاسی زندگی، مسلم لیگ کے ساتھ گزاری، اپنے آخری زمانے میں وہ مسلم لیگ، قیوم گروپ کی بلوچستان شاخ کے صدر تھے۔19 جون 1976ء کو ان کا انتقال ہوگیا۔
 

UP