میررسول بخش تالپور
٭یکم مئی 1982ء کو پاکستان کے معروف سیاستدان میر رسول بخش تالپور دنیا سے رخصت ہوئے۔وہ 23 اکتوبر 1920ء کو ٹنڈو میر محمود کے مقام پر پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے دہلی کے مدرسۂ رحمانیہ اور جامعہ ملیہ اور کراچی کے سندھ مدرستہ الاسلام سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ ان کی سیاسی زندگی کا آغاز میونسپل کمیٹی حیدرآباد کی رکنیت سے ہوا بعدازاں وہ اس کمیٹی کے چیئرمین بھی بنے۔ 1958ء میں انہوں نے عوامی لیگ میں شمولیت اختیار کی اور 1964ء کے صدارتی انتخابات میں محترمہ فاطمہ جناح کی حمایت کی۔
1967ء میں جب پاکستان پیپلزپارٹی کا قیام عمل میں آیا تو وہ اس کے اساسی ارکان میں شامل ہوئے اور پیپلزپارٹی سندھ کے پہلے چیئرمین مقرر ہوئے۔ 1970ء میں وہ سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 29 اپریل 1972ء سے 13 فروری 1973ء تک صوبہ سندھ کے گورنر رہے۔ پھر پیپلزپارٹی کے چیئرمین کے ساتھ بعض معاملات میں اختلافات کی بنا پر وہ پارٹی کی رکنیت اور صوبہ سندھ کی گورنری دونوں سے مستعفی ہوگئے۔مئی 1981ء میں وہ صوبہ سندھ کے سینئر وزیر مقرر ہوئے۔ اپنے انتقال کے وقت وہ اسی عہدے پر فائز تھے۔