Death of Sir Shah Nawaz Bhutto
سر شاہنواز بھٹو کی وفات

سر شاہنواز بھٹو

٭19 نومبر1957ء پاکستان کے ممتاز سیاستدان سر شاہنواز بھٹو کی تاریخ وفات ہے۔
سر شاہنواز بھٹو، ذوالفقار علی بھٹو کے والد اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے دادا تھے۔ شاہنواز بھٹو 1888ء میںپیدا ہوئے تھے۔ ان کی سیاسی زندگی کا آغاز 1920ء میں ہوا جب وہ لاڑکانہ ڈسٹرکٹ بورڈ کے صدر منتخب ہوئے۔ یہ عہدہ 1934ء تک ان کے پاس رہا۔ 1921ء میں انہیں خان بہادر اور 1930ء میں سر کا خطاب عطا ہوا۔ 1931ء میں انہوں نے لندن میں ہونے والی گول میز کانفرنس میں سندھ کے مسلمانوں کی نمائندگی کی جہاں انہوں نے سندھ کو بمبئی سے جدا کرنے کا مطالبہ بڑی خوش اسلوبی سے اٹھایا۔ 1934ء میں انہوں نے سندھ پیپلزپارٹی کے نام سے ایک سیاسی جماعت بنائی اور 1936ء میں سندھ اتحاد پارٹی کے صدر منتخب ہوئے۔1937ء کے عام انتخابات میں ان کی پارٹی نے انتخاب میں اکثریت حاصل کی تاہم وہ خود اپنی نشست پر کامیاب نہ ہوسکے جس کے بعد سر غلام حسین ہدایت اللہ سندھ کے وزیراعلیٰ بن گئے۔
1947ء میں وہ جونا گڑھ کے وزیراعظم مقرر ہوئے تاہم اسی برس جونا گڑھ پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے بعد وہ واپس وطن آگئے جہاں انہوں نے بقیہ عمر گوشہ نشینی میں بسر کی۔
19 نومبر 1957ء کو ان کا انتقال ہوگیا۔
 

UP