زبیدہ جلال
پاکستان کی ممتاز ماہر تعلیم اور سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال 31 اگست 1959ء کو کیچ کے مقام پر ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئیں۔
بلوچستان یونیورسٹی سے انگریزی میں ماسٹرز کیا۔ انھوں نے اپنے گائوں کی بچیوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے ایک اسکول کھولا جسے بہت سراہا گیا اور بعد ازاں ان کا یہی قدم انہیں تعلیم کی وفاقی وزارت تک لے گیا۔ حکومت پاکستان نے 14 اگست 1997ء کوانہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا۔ 4 نومبر 1999ء کو جب جنرل پرویز مشرف نے اپنی پہلی کابینہ کے ارکان کے ناموں کا اعلان کیا تو زبیدہ جلال کو تعلیم اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے قلم دان سونپے گئے۔ 2002ء کے عام انتخابات میں وہ قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں اور میر ظفر اللہ جمالی اور شوکت عزیز کی کابیناؤں میں وزیر تعلیم کے منصب پر فائز ہوئیں۔ 2008ء کے عام انتخابات میں وہ کامیاب نہ ہوسکیں۔