استاد سلامت حسین
پاکستان کے نامور بانسری نواز استاد سلامت حسین 10 اکتوبر 1937ء کو رام پور میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے خاندان کے کئی افراد موسیقی کے شعبے سے وابستہ تھے۔ استاد سلامت حسین نے اپنے ایک عزیز ماسٹر گچھن سے موسیقی کی تربیت حاصل کی جو استاد مشتاق حسین خان کے شاگرد اور استاد لطافت حسین خان کے بھائی تھے اور نواب رام پور کے دربار سے بطور کلارنٹ نواز وابستہ تھے۔ 1954ء میں استاد سلامت حسین پاکستان آگئے۔ یہاں انھوں نے مشہور ستار نواز استاد حامد حسین خان سے کلاسیکی موسیقی سیکھی۔ بانسری سے ان کاعشق جنون کی حد تک بڑھا ہوا تھا چنانچہ انھوں نے خود کو اس ساز سے وابستہ کردیا۔ وہ دیبو بھٹا چاریہ اور پنا لال گھوش سے شدید متاثر تھے۔ جلد ہی ان کی بانسری کی شہرت پھیلنے لگی۔ ان کے قدردانوں میں وزیر اعظم سہروردی اور صدر ایوب خان بھی شامل تھے۔ اسی زمانے میں انھوں نے کئی فلمی نغمات میں بھی اپنی بانسری کا جادو جگایا۔ وہ ریڈیو پاکستان، پی آئی اے آرٹس اکیڈمی اور پی این سی اے سے بھی وابستہ رہے۔ 14 اگست 1989ء کو حکومت پاکستان نے انھیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا۔