Slowest Test Century of Mudassar Nazar
مدثر نذر کی سست ترین ٹیسٹ سنچری

مدثر نذر

٭15 دسمبر 1977ء کو پاکستان کے مدثر نذر نے انگلستان کے خلاف لاہور ٹیسٹ کے دوسرے دن اپنی سنچری 557 منٹ میں مکمل کرکے ٹیسٹ کرکٹ کی سوسالہ تاریخ کی سست ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ مدثر نذر اس اننگز میں حسب روایت بطور اوپنر کھیلنے کے لئے آئے تھے، پہلے دن کے اختتام پر انہوں نے 330 منٹ بیٹنگ کی اور 52 رنز اسکور کئے دوسرے دن انہوں نے ’’قدرے تیز‘‘ کھیلتے ہوئے چائے کے وقفے کے دس منٹ بعد اپنی سنچری 557 منٹ میں مکمل کرکے ٹیسٹ کرکٹ کی سست ترین سنچری بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ مدثر نذر نے جب اپنے سو رنز مکمل کئے تو اس وقت پاکستان کا اسکور 3 وکٹ پر 306 رنز تھا۔ مدثر نذر نے اس پوری اننگز میں 591 منٹ بیٹنگ کی اور 114 رنز اسکور کئے۔
مدثر نذر سے پہلے ٹیسٹ کرکٹ میں سست ترین سنچری کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے جیک میکی گلیو کا تھا جنہوں نے اپنی ٹیسٹ سنچری 545 منٹ میں مکمل کی تھی۔ مدثر نذر نے اس ریکارڈ کو 12 منٹ کے فرق سے توڑا تاہم مدثر نذر کا یہ ریکارڈاب تک ناقابل تسخیر ہے۔
 

UP