علی اقتدار شاہ دارا
٭16 جنوری 1981ء کو پاکستان کے ہاکی کے نامور کھلاڑی علی اقتدار شاہ دارا کراچی میں وفات پاگئے۔
علی اقتدار شاہ دارا یکم اپریل 1915ء کو لائل پور (موجودہ نام: فیصل آباد) میں پیدا ہوئے تھے۔ 1936ء کے برلن اولمپکس میں انہوں نے غیر منقسم ہندوستان کی نمائندگی کی اور فائنل میں جرمنی کے خلاف ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ قیام پاکستان کے بعد 1948ء کے لندن اولمپکس میں انہیں پاکستان کی قیادت کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ وہ اختر حسین اور لطیف الرحمن سمیت دنیائے ہاکی کے ان تین کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں اولمپکس میں بھارت اور پاکستان، دو ممالک کی نمائندگی کرنے کا موقع ملا تھا۔
علی اقتدار شاہ دارا نے پاکستانی ٹیم کے کوچ اور منیجر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے نائب صدر بھی رہے۔ وہ لاہور میں شاہ جمال کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔