Death of ILyas Kashmeri
الیاس کاشمیری کی وفات

الیاس کاشمیری

٭12 دسمبر 2007ء کو پاکستانی فلمی صنعت کے مشہور اداکار الیاس کاشمیری لاہور میں وفات پاگئے۔
الیاس کاشمیری 25 دسمبر 1925 کو لاہور میںپیدا ہوئے تھے۔ان کا تعلق ایک مذہبی گھرانے سے تھا چنانچہ جب انہیں فلموں میں کام کرنے کا شوق ہوا تھا انہوں نے بمبئی کا رخ کیا۔ بمبئی میں ان کی ملاقات سہراب مودی کے بھائی رستم مودی سے ہوئی جنہوں نے انہیں اپنی فلم گل بکائولی میں ایک چھوٹا سا کردار دے دیا۔ اس کے بعد انہوں نے دو فلموں ملکہ اور عابدہ میں مرکزی کردار ادا کئے۔فلم ملکہ میں ان کی ہیرو شوبھنا سمرٹ تھیں جو مشہور اداکارہ کاجول کی نانی تھیں جبکہ فلم عابدہ میں ان کی ہیروئن سورن لتا تھیں۔ قیام پاکستان کے بعد الیاس کاشمیری نے پنجابی فلم مندری سے اپنے پاکستانی کیریئر کا آغاز کیا۔ یہ فلم 28 نومبر 1950ء کو ریلیز ہوئی تھی اور اس کے ہدایت کار دائود چاند تھے۔
اس کے بعد ریلیز ہونے والی فلم قسمت میں انہوں نے سنتوش کمار کے بڑے بھائی کے کردار میں بڑی عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ اس فلم میں ان کا کردار تایا کا تھا جس کے بعد وہ پوری فلمی صنعت میں تایا جی کے نام سے پکارے جانے لگے۔
1954ء میں ہدایت کار ایم جے رانا کی فلم ماہی منڈا میں انہوں نے ولن کا کردار ادا کیا اور یوں ان کی فنی زندگی کے ایک نئے دورکا آغاز ہوا۔اس فلم کے فلم ساز باری ملک تھے جن کے ساتھ الیاس کاشمیری کی دوستی بعد میں رشتے داری میں بدل گئی اور الیاس کاشمیری کے بیٹے کے ساتھ باری ملک کی بیٹی کی شادی بھی ہوئی۔
الیاس کاشمیری نے بطور فلم ساز ایک فلم عشق پر زور نہیں بھی پروڈیوس کی تھی جس میں ان کی اداکاری کو بھی بہت سراہا گیاتھا۔
الیاس کاشمیری نے مجموعی طور پر 547 فلموں میں کام کیا جن میں سے بیشتر فلمیں پنجابی زبان میں بنائی گئی تھیں۔ وہ لاہور میں آسودۂ خاک ہیں۔
 

UP