میکسیکو اولمپکس
٭26 اکتوبر 1968ء کو میکسیکو اولمپکس میں ہاکی کے فائنل مقابلے میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 2-1 سے شکست دے کر اولمپک کھیلوں میں دوسری مرتبہ سونے کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ یہ اعزاز پاکستان نے پہلی مرتبہ 1960ء میں حاصل کیا تھا مگر بدقسمتی سے 1964ء میں پاکستان اپنے اس اعزاز کا دفاع نہیں کرسکا تھا۔
میکسیکو اولمپکس میں بھارت کی ٹیم‘ جس نے گذشتہ اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتا تھا‘ فائنل میں نہیں پہنچ سکی۔ فائنل میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں۔ پاکستان کے سینٹر فارورڈ رشید نے کھیل کے 16 ویں منٹ میں پہلا گول کیا۔ یہ گول کھیل کے 51 ویں منٹ میں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان فل بیک گلن کراس نے برابر کردیا۔ چند لمحوں بعد پاکستان کے لیفٹ ان اسد ملک نے پاکستان کا دوسرا اور فیصلہ کن گول کرکے پاکستان کو کامیابی دلوادی۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان طارق عزیز تھے جب کہ پاکستانی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں ذاکر‘ تنویر ڈار‘ سعید انور‘ ریاض احمد‘ گلریز‘ خالد محمود‘ اشفاق‘ عبدالرشید‘ اسد ملک اور جہانگیر بٹ شامل تھے۔