ہاکی عالمی کپ
٭4 دسمبر 1994ء کو پاکستان نے سڈنی میں منعقد ہونے والے ہاکی کے آٹھویں عالمی کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن ہالینڈ کو پینلٹی اسٹروکس کی بنیاد پر شکست دی کر ہاکی کا عالمی کپ چوتھی مرتبہ جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ اس سے قبل پاکستان نے یہ اعزاز 1971ء، 1978ء اور 1982ء میں حاصل کیا تھا۔
کھیل کا پہلا گول، کھیل کے سترہویں منٹ میں ہالینڈ کے عالمی شہرت یافتہ پینلٹی کارنر ایکسپرٹ فلورس بوویلنڈر نے پینلٹی کارنر کے ذریعہ اسکور کیا۔ مگر اس کے صرف چار منٹ بعد پاکستان کے سینٹر فارورڈ کامران اشرف نے ایک خوبصورت گول بناکر مقابلہ برابر کردیا۔ کھیل کے مقررہ وقت کے اختتام تک اسکور 1-1 رہا۔ اس کے بعد پینلٹی اسٹروکس سیشن ہوا جس میں پاکستان کے شہباز، شہباز جونیئر، طاہر زمان اور محمد عثمان نے مسلسل گول کرکے چار گول کردیئے، جبکہ ہالینڈ اس سیشن میں فقط تین گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوسکا۔ یوں پاکستان یہ میچ ایک گول کی برتری سے جیت کر ہاکی کا عالمی کپ چوتھی مرتبہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
ٹورنامنٹ کے اختتام پر پاکستانی ٹیم کے کپتان شہباز احمد کو مین آف دی ٹورنامنٹ اور پاکستان کے گول کیپر منصور احمدکو گول کیپر آف دی ٹورنامنٹ کے اعزازات سے نوازا گیا۔