طورسم خان
٭28 نومبر 1979ء کو اسکواش کے مشہور پاکستانی کھلاڑی طورسم خان آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں آسٹریلین اوپن اسکواش ٹورنامنٹ کا ایک میچ کھیلتے ہوئے دل کا شدید دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال کرگئے۔ یہ اسکواش کی تاریخ کا پہلا واقعہ تھا جب کوئی کھلاڑی کھیل کے دوران اسکواش کورٹ میں فوت ہوا تھا۔
طورسم خان، پاکستان کے سابق برٹش اوپن چیمپئن روشن خان کے صاحبزادے تھے۔ وہ 27 ستمبر 1951ء کو پیدا ہوئے تھے۔ 1967ء میں وہ قومی چیمپئن بنے، 1971ء میں انہوں نے عالمی ایمیچر اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ 1972ء میں انہوں نے انگلستان اوپن جیتی، 1974ء میں شمالی انگلستان اوپن، امریکن اوپن اور ویلش اوپن اسکواش چیمپئن شپ جیتی اور 1978ء میں برٹش اوپن کے کوارٹر فائنل میں قمر زمان کا مقابلہ کیا۔ ان کی شدید خواہش تھی کہ ان کا چھوٹا بھائی جہانگیر خان اسکواش کا عالمی چیمپئن بنے مگر ابھی اس نے عالمی ایمیچر اسکواش چیمپئن شپ جیتی ہی تھی کہ ڈیڑھ ماہ کے اندراندر طورسم خان اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔
طورسم خان کراچی میں گورا قبرستان سے متصل فوجی قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔