وقار یونس
٭15نومبر 1989ء کو کراچی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک ٹیسٹ میچ کا آغاز ہوا۔ یہ میچ یوں تو ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا تاہم اس حوالے سے ایک یادگار حیثیت اختیار کرگیا کہ اس میچ میں پاکستان کے عظیم بائولر وقار یونس اور بھارت کے بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز ہوا تھا۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے بعدازاں بیٹنگ اور بائولنگ کے شعبے میں اپنی کارکردگی کے ان مٹ نقوش چھوڑے۔ سچن ٹنڈولکر اب بھی ٹیسٹ کرکٹ میں بے انتہا فعال ہیں۔سچن ٹنڈولکرٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ وہ مجموعی طور پر 14240 رنز اسکور کرچکے ہیں جس میں 49 ٹیسٹ سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 44 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ دوسری طرف وقار یونس نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں مجموعی طور پر 87 میچوں میں حصہ لیا اور8788 رنز دے کر 373 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔