گروپ کیپٹن(ر) سیسل چودھری
معروف ماہر تعلیم اور پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ افسر سیسل چودھری 27 اگست 1941ء کولاہورمیں پیدا ہوئے۔ وہ معروف صحافی فوٹو گرافر ایف ای چودھری کے بیٹے تھے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم سینٹ انتھونی سکول لاہور سے حاصل کی اور ایف سی کالج لاہور سے فارغ ہونے کے بعد انہوں نے مارچ 1958ء میں پاکستان فضائیہ میں شمولیت اختیار کی۔ سیسل چودھری نے پینسٹھ اور اکہتر کی پاک بھارت جنگوں میں حصہ لیا۔ انہوں نے 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بھارتی ٹھکانوں کا نشانہ بنایا۔ اور 1971ء کی جنگ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
سیسل چودھری نے 1986ء میں پاک فضائیہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد شعبہ تعلیم سے وابستگی اختیار کی اورکئی برس تک سینٹ انتھونی سکول کے پرنسپل کی حیثیت سے فرائض انجام دیے۔ بعد میں وہ سینٹ میری اکیڈمی راولپنڈی کے پرنسپل بن گئے۔ سیسل چودھری نے پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن کے ڈائریکٹر کے حیثیت سے بھی کام کیا۔ انہوں نے تعلیم کے شعبہ کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے لیے بھی خدمات انجام دیں۔ وہ قومی کمیشن برائے انصاف اور امن کے بھی منسلک رہے اور اقلیتوں کے لیے مخلوط طریقہ انتخابات کی بحالی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے 13 اپریل 2012ء کو وفات پائی۔
حکومت پاکستان نے انہیں ستارہ جرات اور تمغہ جرات کے اعزازات اور14 اگست 2013ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔