Jamil Fakhri
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ جمیل فخری

 جمیل فخری

پاکستان کے معروف اداکار جمیل فخری 16 دسمبر 1944ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ 1970ء کی دہائی میں انہوں نے اطہر شاہ خان کے اسٹیج ڈرامے ’’اندر آنا منع ہے‘‘ سے اپنے فنی زندگی کا آغاز کیا۔ ان کے دیگر مشہور اسٹیج ڈراموں میں زبان دراز اور لاہور بائی پاس کے نام سرفہرست ہیں۔ وہ پاکستان ٹیلی وژن کے معروف فن کاروں میں بھی شمار ہوتے تھے۔ ان کے مشہور ٹیلی وژن ڈراموں میں تانے بانے، دلدل، وارث، بندھن اور ایک محبت سو افسانے شامل ہیں۔ ٹیلی وڑن کی مشہور ڈرامہ سیریز ’’اندھیرا اجالا‘‘ ان کی فنی زندگی کا ایک اہم سنگ میل سمجھی جاتی ہے جس میں انہوں نے انسپکٹر جعفر حسین کا یادگار کردار ادا کیا تھا۔ جمیل فخری نے 50 کے لگ بھگ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں مسکراہٹ اور دیوانے دو خصوصاً قابل ذکر ہیں۔
جمیل فخری 9 جون 2011ء کو  لاہور میں وفات پاگئے۔وہ لاہور میں میانی صاحب کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔ حکومت پاکستان نے ان کی فنی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں 14 اگست 2001ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔

UP