337 Runs of Hanif Muhammad
حنیف محمد کے 337رنز

حنیف محمد

٭23 جنوری 1958ء کو پاکستان کے مشہور ٹیسٹ کرکٹر حنیف محمد نے پاکستان کی تاریخ کی طویل ترین اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے 970 منٹ میں 337رنز اسکور کیے۔
دسمبر 1957ء میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانہ ہوئی جہاں 17 جنوری 1958ء کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان بارباڈوس کے کنگسٹن اوول گرائونڈ میں پہلے ٹیسٹ میچ کاآغاز ہوا۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 579 رنز بنائے۔ اس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں فالو آن کاشکار ہوکر صرف 106 کے اسکور پرڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 473 رنز درکار تھے۔ خیال تھا کہ ویسٹ انڈیز یہ میچ بڑی آسانی سے جیت جائے گا۔
20 جنوری 1958ء کو 2 بجکر 37 منٹ پر حنیف محمد اور امتیاز احمد نے اننگز کا آغاز کیا۔ پھر اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ تاریخ کا حصہ ہے۔حنیف محمد 23جنوری تک کریز پر رہے۔ انہوں نے 970منٹ کی طویل اننگز کھیلی۔ اور 26 چوکوں‘ 16 تگی‘ 40 دگی‘ اور 105 سنگلز کی مدد سے 337 رنز اسکور کیے۔ اس وقت عالمی ریکارڈ 364 رنز تھا جو لین ہٹن نے قائم کیا تھا۔ حنیف محمد صرف 28 رنز کی کمی سے یہ ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہے۔ تاہم اس ریکارڈ سے قطع نظر حنیف محمد کا970 منٹ تک کریز پر رہنے کا ریکارڈ آج بھی ناقابل تسخیر ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کا دوسری اننگز میں 657 رنز اور پہلی اور دوسر ی اننگز کے درمیان 551 رنز کے فرق کا ریکارڈ بھی آج تک دنیا کی کوئی ٹیم نہیں توڑ سکی ہے۔
حنیف محمدنے اسی اننگز کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کیے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی تھے۔

UP