محمد قوی خان
پاکستان کے مشہور اداکار محمد قوی خان 15 نومبر 1932ء کو پیدا ہوئے۔ ان کی فنی زندگی کا آغاز ریڈیو پاکستان سے ہوا۔ 1964 ء میں جب لاہور میں پاکستان ٹیلی وژن کا آغاز ہوا تو انہیں اس کے پہلے ڈرامے میں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے لاتعداد سیریلز، سیریز اور انفرادی ڈراموں میں کام کیا جن میں اندھیرا اجالا، لاہوری گیٹ، دو قدم دور تھے، مٹھی بھر مٹی، من چلے، میرے قاتل مرے دلدار، پھر چاند پہ دستک، در شہوار، بیٹیاں، داستان، ایک نئی سنڈریلا اور ڈاکٹر دعاگو کے نام سرفہرست ہیں۔
وہ پاکستان ٹیلی وژن کی پہلے اداکار تھے جنہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز انھیں 14 اگست 1980ء کو ملا۔ بعد ازاں انہیں ستارہ امتیاز سے بھی سرفراز کیا گیا۔ محمد قوی خان پی ٹی وی ایوارڈ اور ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وڑن کے لائف اچیومنٹ ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔ انھوںنے کئی فلموں میں بھی کام کیا اور تین نگار ایوارڈز بھی حاصل کیے۔