علامہ عبدالعزیز میمن
عربی زبان و ادب کے عظیم عالم، استاد اور 30 سے زیادہ کتابوں کے مصنف مولانا عبدالعزیز میمن 23 اکتوبر 1888ء کو پڑدھری (راج کوٹ) میں پیدا ہوئے تھے۔ راج کوٹ اور جوناگڑھ سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد دہلی پہنچے جہاں دیگر علما کے علاوہ ڈپٹی نذیر احمد سے اکتساب علم کا موقع ملا۔ 1913ء میں پنجاب یونیورسٹی سے مولوی فاضل کا امتحان دیا اور پوری یونیورسٹی میں اول آئے۔ ایڈورڈ کالج پشاور، اورینٹل کالج لاہور اور مسلم یونیورسٹی علی گڑھ کے شعبہ عربی سے بطور استاد وابستہ رہے۔ قیام پاکستان کے بعد کراچی میں شعبہ تحقیقات اسلامی اور کراچی یونیورسٹی میں شعبۂ عربی قائم کیا پھر 1964ء سے 1966ء تک پنجاب یونیورسٹی میں صدر شعبہ عربی کے فرائض انجام دیئے۔ 14 اگست 1965ء کو حکومت پاکستان نے آپ کی خدمات کے اعتراف کے طور پر آپ کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔
27 اکتوبر 1978ء کو علامہ عبدالعزیز میمن کراچی میں وفات پاگئے اور سوسائٹی کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے۔