

پاکستان کے ڈاک ٹکٹ
14 جنوری2005ء کو پاکستان کے محکمہ ڈاک نے اسلام آباد میں علامہ اقبال اور رومانیہ کے نامور شاعرمیہاج امینیسکو (Mihai Eminescu) کی فنی مماثلت پر لکھی گئی کتاب DIALOGUE BETWEEN CIVILIZATIONS کی اشاعت اور اسلام آباد میں ان کی یادگار تعمیر ہونے کے موقع پردو یادگاری ڈاک ٹکٹوں کا ایک سیٹ جاری کیا جن میں سے ایک پر پاکستان اور رومانیہ کے پرچم، علامہ اقبال اور میہاج امینیسکو اور ان کی یادگارکی تصاویراور دوسرے پر پاکستان اور رومانیہ کے پرچم، علامہ اقبال اورمیہاج امینیسکو کی تصاویر اور ان کی فنی مماثلت پر لکھی گئی کتاب DIALOGUE BETWEEN CIVILIZATIONS کے سرورق کا عکس شائع کیا گیا تھا۔ ان ڈاک ٹکٹوں میں سے ایک پر انگریزی میں IQBAL - EMINESCU MONUMENT ISLAMABAD SYMBOL OF PAKISTAN - ROMANIA FRIENDSHIP اور دوسرے پرعلامہ اقبال اورمیہاج امینیسکو کی تصاویر اور EMIL GHITULESCU UNIVERSAL VALUES OF ROMANIA AND PAKISTAN ALLAMA IQBAL AND MIHAI EMINESCU DIALOGUE BETWEEN CIVILIZATIONS کے الفاظ تحریرکیے گئے تھے۔ یہ ڈاک ٹکٹ پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے ڈیزائنرعادل صلاح الدین اورپاکستان میں رومانیہ کے سفیر Prof. Dr. Emil Ghitulescu نے ڈیزائن کیے تھے اور ان کی مالیت پانچ پانچ روپے تھی۔ اسلام آباد میں علامہ اقبال اورمیہاج امینیسکو کی اس یادگار کا سنگ بنیاد ایک برس پہلے 14 جنوری 2004ء کو Prof. Dr. Emil Ghitulescu نے رکھا تھا اور اس کا افتتاح 29اپریل 2004ء کو ہوا تھا۔